ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / پہلی مرتبہ.. امریکی اور شمالی کوریائی وزراء خارجہ ایک ہی کمرے میں

پہلی مرتبہ.. امریکی اور شمالی کوریائی وزراء خارجہ ایک ہی کمرے میں

Sun, 06 Aug 2017 16:51:09    S.O. News Service

منیلا،6اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن اتوار کے روز فلپائن میں دو روزہ سفارتی بات چیت کا آغاز کر رہے ہیں۔ اس دوران ٹیلرسن سلامتی کونسل کی جانب سے شمالی کوریا پر پابندیاں عائد کیے جانے کے بعد پیونگ یانگ پر مزید دباؤ ڈالنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔یہ پہلا موقع ہے کہ ریکس ٹیلرسن شمالی کوریا کے وزیر خارجہ ای ہونگ یو کے ساتھ ایک ہی کمرے میں موجود ہوں گے۔اس سے قبل امریکی وزارت خارجہ نے ٹیلرسن کے منیلا کے دورے کے دوران شمالی کوریا کے وزیر خارجہ کے ساتھ کسی بھی قسم کی براہ راست بات چیت کو خارج از امکان قرار دیا تھا۔
ریکس ٹیلرسن جنوب مشرقی ایشیا کے ممالک کی تنظیم آسیان کے اجلاس میں شرکت کے لیے فلپائن پہنچے ہیں۔ تنظیم میں 10 ممالک شامل ہیں تاہم تمام تر توجہ امریکی وزیر خارجہ کی اپنے روسی اور چینی ہم منصبوں کے ساتھ انفرادی ملاقاتوں پر مرکوز ہو گی۔اتوار کے روز ہونے والی بات چیت سے قبل ریکس ٹیلرسن نے منیلا میں امریکی قبرستان کا دورہ کیا اور دوسری جنگ عظیم میں شانہ بشانہ موت کو گلے لگانے والے 17ہزار امریکی اور فلپینی فوجیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
بعد ازاں ٹیلرسن اور ان کے سینئر معاونین نے برما کے خارجہ امور کے وزیر اور جنوبی کوریا کے وزیر خارجہ کے ساتھ الگ الگ ملاقاتیں کیں۔امریکی وزیر خارجہ نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ اپنے جنوبی کوریائی ہم منصب کے ساتھ شمالی کوریا کا معاملہ زیر بحث لائیں گے۔ ٹیلرسن کے مطابق سلامتی کونسل میں پابندیوں کے حوالے سے رائے شماری ایک اچھا نتیجہ ہے۔توقع ہے کہ امریکی وزیر خارجہ روس اور چین کے وزراء خارجہ سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ واضح رہے کہ روس اور چین کو شمالی کوریا کے نیوکلیئر بحران میں بنیادی کھلاڑی شمار کیا جاتا ہے۔یاد رہے کہ آسیان کا اجلاس شروع ہونے سے چند گھنٹے قبل اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے شمالی کوریا کے خلاف نئی پابندیاں عائد کرنے سے متعلق امریکی قرارداد کی منظوری دے دی۔


Share: